بھٹکل 7/جون (ایس او نیوز) اسداللہ اسوسی ایشن کی جانب سے سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی اسکول اور کالج کے مستحق طلبا کو نوٹ بکس اور اسکول بیگس تقسیم کئے گئے۔ اس تعلق سے آج جمعہ کو فاروقی اسٹریٹ میں واقع اسداللہ عمارت میں مختصر پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔
اسداللہ کے سرگرم رکن مسعود شینگری نے بتایا کہ اسداللہ کی جانب سے گذشتہ پندرہ سالوں سے طلبا کو نوٹ بکس فراہم کرنے کا کام جاری ہے، مگر اس بار طلبا کو نوٹ بُکس کےساتھ اسکول بیگ بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار جملہ سو طلبا کی فہرست بنائی گئی تھی جنہیں اسکولی لوازمات تقسیم کیا گیا۔ مسعود نے اسداللہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ بھٹکل میں امن وامان کی بحالی کے لئے کوشاں رہتا ہے ۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی و بھائی چارگی میں اضافہ کرنے اور غریبوں کی مدد کرنے کے ساتھ دیگر مختلف پروگرام وغیرہ بھی اسداللہ کے زیراہتمام منعقد کئے جاتے ہیں۔ اسپورٹس بھی اسداللہ کا ایک اہم حصہ ہے۔
اس موقع پراسداللہ کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری سمیت ایوب عجائب، ایس ایم آصف و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔